لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کی رہنما کنول شوزب نے کہا ہے کہ بلاول جب کوئی بیان دیتے ہیں تو اس کے سابقے اورلاحقے نہیں دیکھتے ہیں اوربیان دے دیتے ہیں ۔پروگرام دی لاسٹ آور میں میزبان یاسر رشید سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیصل کریم کنڈی کا بیان درست ہے ان کے بیان کو نیب کے اوپر اپلائی کرنا چاہئے کیونکہ آصف زرداری بیمار ہیں اورپیشی کے موقع پر ان کی جان کو خطرہ ہوسکتا ہے اس سے اتفاق کرتی ہوں۔ پی ٹی آئی میں کوئی میم نہیں سین نہیں یہ ایک پی ٹی آئی ہے جبکہ پیپلزپارٹی بھی دو تین بن چکی ہیں۔ پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ ہم تحریک عدم اعتماد لا سکتے ہیں کیونکہ حکومت کے اتحادی انہیں چھوڑ کرچلے گئے ہیں وزیراعظم کو چاہئے کہ وہ اعتماد کاووٹ لیں۔سینئر صحافی رانا عظیم نے کہا ہے کہ یہ سب کچھ سیاسی بیان بازی ہے اگرواقعی آصف زرداری کے خلاف سازش ہوئی ہے اوربلاول بھٹو کے پاس ثبوت ہیں تو انکوائری ہونی چاہئے میری نظر میں اپوزیشن ایک لحاظ سے اکٹھی ہے لیکن ان کا نعرہ ایک نہیں ۔ پارلیمانی سیکرٹری وزارت انسانی حقوق پنجاب مہندر پال سنگھ نے کہا ہے کہ پوری دنیا کی سکھ کمیونٹی ہماری آواز اٹھانے پر92نیوز کے شکرگزارہیں، خالصتان کے بننے کے بعد سکھوں کوجو انصاف ملے گا اس میں 92نیوزکا اہم کردارہوگا ہم اس پر آپ کو سلیوٹ کرتے ہیں۔تجزیہ کار قمر چیمہ نے کہاہے کہ مودی نے بہت سارے فرنٹ کھول لئے ہیں مودی کی پالیسی یہ ہے کہ بھارت میں ہر طرف ہندو پھیل جائیں لیکن انہیں یہ اندازہ نہیں ہے کہ ایسا ممکن نہیں ۔ بیوروچیف اسلام آباد سہیل اقبال بھٹی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے جمہوری وطن پارٹی کو منالیا لیکن اس کی بہت بھاری قیمت اداکرنا پڑے گی۔وزیر برائے امداد ڈیزاسٹر مینجمنٹ آزاد کشمیر محمد احمد رضا قادری نے کہاہے کہ بچوں سے زیادتی کے مرتکب عناصر کو سزادینے کیلئے آزاد کشمیر میں قانون سازی کی ہے ۔