لاہور(نمائندہ خصوصی سے )پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و ن لیگ کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ سیاست میں جو شائستگی کا سفر طے کیا تھا اس کو برقرار رہنا چاہیے ،نواز شریف کی اس ملک کے لئے بڑی خدمات ہیں ، شہباز شریف نے کہا تھا میثاق معیشت کرلیں ، مہنگائی کی وجہ عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے ، بلاول بھٹو نے میاں نواز شریف کے حوالے سے جو بات کی وہ نہ کرتے تو اچھا تھا،میاں نواز شریف علاج کے لئے بیرون ملک گئے ہوئے ہیں ان کی طبیعت خراب ہے جب آصف زرداری بیمار تھے میں ان کی صحت یابی کے لئے دعا کرتا تھا ۔پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں مہنگائی عروج پر ہے ،آٹے دال سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر ہیں،آٹا بحران کے بعد چینی کا بحران بھی سر پر ہے ۔ ن لیگ میں فارورڈ بلاک کے سوال پر بولے کہ ن لیگ متحدہے ،فارورڈ بلاک کی باتیں بچپن سے سن رہا ہوں اب تو میرے بال بھی سفید ہو چکے ہیں۔