کراچی، ملتان (سٹاف رپورٹر،خبرنگار، مانیٹرنگ ڈیسک )چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے طیارے کی ملتان ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ ہوئی ہے ۔وہ کراچی سے اسلام آباد جا رہے تھے ۔پیپلزپارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کراچی سے روانگی کے بعد بلاول بھٹو کا طیارہ بڑے حادثے سے بچ گیا۔بلاول بھٹو کے طیارے سے رحیمیارخان کے قریب پرندہ ٹکرایا،ذرائع ائیرپورٹ نے بھی اس کی تصدیق کی اوربتایا کہ پائلٹ نے بڑی مہارت سے جہاز کو ملتان ایئرپورٹ پر لینڈ کرایا۔ طیارے میں بلاول بھٹو زرداری کیساتھ صوبائی وزرا سعید غنی اور ناصر حسین شاہ بھی تھے ۔ تینوں رہنما ایئر پورٹ لاؤنج میں کچھ دیر کیلئے رکے جس کے بعد بلاول بھٹو براستہ موٹروے اسلام آبادچلے گئے جہاں سے وہ 4 روزہ دورے پر آزاد کشمیرجائیں گے ۔ وہ آج کوٹلی میں جلسے سے خطاب کریں گے ۔