اسلام آباد، لاہور ( خبر نگار خصوصی، سٹاف رپورٹر ) سربراہ جے یو آئی( ف) مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ آزادی مارچ کی حکمت عملی مسلم لیگ ن کیساتھ ملکر بنائینگے ، بلاول کے مارچ میں شرکت سے انکار کی وجہ نہیں جانتا مگر ان سمیت سب جماعتوں کو آل پارٹیز کانفرنسز کے اعلامیوں کی پاسداری کرنی چاہیے ،ہماری آج بھی تجویز ہے کہ ا سمبلیوں سے استعفے دیئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے مانسہرہ میںپریس کانفرنس میںکیا۔ انہوںنے کہا یہ ناجائز حکومت ہے ، کسی بھی سرکاری ملازم پر اس حکومت کی اطاعت لازم نہیں ، خورشید شاہ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں ، نیب انتقامی ادارہ ہے جو حکومت کے ہاتھوں کھیل رہا ہے ۔ سربراہ جے یو آئی نے مزید کہا ٹربیونل بنا کر میڈیا کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، ہر کسی کو حکومت کیخلاف باہر نکلنا ہوگا ۔ انہوںنے کہا ہم سعودی عرب کی آئل فیلڈز پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں ، پاکستانی قوم سعودی حکومت کے شانہ بشانہ ہیں ۔ سٹاف رپورٹر کے مطابق فضل الرحمن 2روزہ دورے پر آج لاہور پہنچیں گے ۔ ترجمان حافظ غضنفر عزیز نے بتایا سربراہ جے یو آئی آج عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام سالانہ ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرینگے جبکہ کل جامعہ مدنیہ کریم پارک میں اسلام آباد آزادی مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں 4ڈویژنز پر مشتمل ورکرز کنونشن سے خطاب اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں کرینگے ۔