اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمن کی سیاست پر اگر کسی کو کوئی شک تھا بھی آج دور ہوگیا،مولانا فضل الرحمن کی سیاست میں قومی وسائل کی چوری اور کرپشن مکمل حلال اور جائز ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمٰن کی پریس کانفرنس پر تحریک انصاف کا ردعمل جاری کرتے ہوئے کیا۔مراد سعید نے کہاکہ مولانا کی ساری سیاست ذات اور انکے مفاد کے گرد گھومتی ہے ، کوئی بھی قیمت ادا کرکے مولانا کی خدمات حاصل کرسکتا ہے ۔مراد سعید نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے دورِ حکومت میں مولانا مکمل طور پر بے روزگار ہیں اور نوکری ملنے کا خاطر خواہ امکان بھی موجود نہیں، نوکری کی تلاش میں مولانا زرداری صاحب کے فرزند کے پاس تو گئے مگر کام نہیں بنا، مولانا جتنے جتن لیں یہ 5 سال صبر کرنا ہوگا، یہ 5 سال ہی کیوں اسکے بعد بھی صبر ہی کرنا ہوگا۔مراد سعید نے کہاکہ کھوکھلی دھمکیوں سے مولانا کو نوکری ملے گی نہ حادثاتی چیئرمین کی سیاست بچے گی۔