لاہور(نامہ نگار خصوصی) سپریم کورٹ کے جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ یہ امر ہمارے لیے باعثِ فخر ہے کہ ہماری خواتین ججز معاشرے کے لئے رول ماڈل ہیں، ہماری خواتین ججز نے معاشرے کے ایک بہت پرانے جمود کو توڑا ہے ، ایک جج کو اسی طرح پراعتماد، شائستہ اور میرٹ کے مطابق فیصلے کرنے والا ہونا چاہیئے ۔ پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کے زیر انتظام تیسری تین روزہ خواتین ججز کانفرنس کے دوسرے روز خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں بطور جج لوگوں کا بھرپور اعتماد حاصل ہونا چاہیے ، ہماری نظر میں کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہوتا، ایک جج کے لئے لازم ہے کہ باوقار انداز میں عدالت کرے ، ججز کے فیصلے انکی قابلیت، شہرت کا چرچا کرتے ہیں، ہم میں سے کوئی بھی اﷲ کی امانت میں خیانت کا نہیں سوچ سکتا،ہمارے ججز کسی بھی صنفی تفریق سے بالاتر ہوکر بہترین انصاف کی فراہمی کو جاری رکھیں گے ۔ جسٹس اعجاز الاحسن کا کہنا تھا کہ خواتین ججز کی تینوں کانفرنسز کا سارا کریڈٹ جسٹس عائشہ اے ملک اور انکی ٹیم کو جاتا ہے ، یہ امر افسوس ناک ہے کہ پاکستان میں سائبر کرائم تیزی سے بڑھ رہا ہے ،آن لائن ہراسگی آج ہماری سوسائٹی پر بدنما دھبہ بن چکا ہے ، خواتین ، بچے آن لائن ہراسگی کا بری طرح شکار ہورہے ہیں، 2016 میں بننے والا قانون بھی جدید تقاضوں کو پورا نہیں کرتا، سائبر کرائم کا شکار افراد شکایات درج کرانے میں ہچکچاتے ہیں، سائبر کرائمز کے خلاف موثر قانون سازی کی ضرورت ہے ، بہت سارے مقدمات میں شکایت کنندہ کو ہی ملزم بنا دیا جاتا ہے ۔ نامزد چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس مامون رشید شیخ کا کہنا تھا کہ ہمیں سمجھنا ہوگا کہ نظام انصاف کا مرکزی سٹیک ہولڈر سائل ہوتا ہے ، ہمیں تمام معاملات کے ساتھ ساتھ ایک عام سائل کے مسائل کو بھی سمجھنا ہے ، اب وقت کا تقاضا ہے کہ خواتین ججز کی تعداد میں اضافہ ہو، لاہور ہائیکورٹ خواتین ججز کے تمام مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے ۔ کانفرنس میں جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس جواد حسن، جسٹس شہرام سرور چودھری، جسٹس ساجد محمود سیٹھی، جسٹس مجاہد مستقیم احمد، سابق جج ناصرہ جاوید اقبال، ڈی جی پنجاب جوڈیشل اکیڈمی حبیب اﷲ عامر اور ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری اشترعباس سمیت دیگر جوڈیشل افسران اور ملک کے نامور مقررین نے شرکت کی۔جبکہ مختلف سرکاری اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں کے ماہرین نے مختلف موضوعات اور قوانین پر تفصیلی روشنی ڈا لی ،آج آخری روز چیف جسٹس سردار آصف سعید خان کھوسہ کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرینگے ۔