گلگت، اسلام آباد(صباح نیوز، سپیشل رپورٹر)گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کے لیے تحریک انصاف اتحاد کے سید امجد زیدی سپیکر اور نذیر احمد ایڈووکیٹ ڈپٹی سپیکر منتخب ہوگئے ۔گلگت بلتستان اسمبلی کے اجلاس میں خفیہ رائے شماری کے ذریعے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔سپیکر فدا محمد ناشاد کے مطابق سپیکر کے انتخاب میں تحریک انصاف اتحاد کے امیدوار سید امجد زیدی نے 23 میں سے 18 ووٹ لئے ، اتحاد کے 4 ووٹ ضائع اور ایک اپوزیشن کے حق میں ڈالا گیا۔ اپوزیشن اتحاد کے امیدوار غلام محمد نے 8 ووٹ حاصل کئے ۔ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں تحریک انصاف اتحاد کے امیدوار نذیر احمد ایڈووکیٹ نے 23 میں سے 22 ووٹ حاصل کئے ۔اپوزیشن کے امیدوار رحمت خالق نے 9 ووٹ حاصل کئے جبکہ نومنتخب سپیکر امجد زیدی نے قانون کے مطابق ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ کے لیے 27 نومبر کو کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے اور 28 نومبر کو چنا ئوعمل میں لایا جائے گا۔ گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے معاملہ پرچیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی آج وزیراعظم عمران خان سے اہم ملاقات کریں گے ۔تحریک انصاف وزیراعظم سے باضابطہ منظوری کے بعد وزارت اعلیٰ کے امیدوار کا اعلان کرے گی۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزارت اعلیٰ کیلئے 2نام شارٹ لسٹ کئے گئے ہیں ، بیرسٹر خالد خورشید اور فتح اللہ خان مضبوط امیدوار ہیں۔