فیصل آباد(راناافتخارخاں) پنجاب میں نئے بلدیاتی سسٹم کی تشکیل کے بعد انتخابی امیدواروں نے اپنی رابطہ مہم شروع کردی ہیں۔ فیصل آباد میں متوقع امیدواروں نے اپنے ڈیرے بھی آباد کرنا شروع کردیئے ہیں جبکہ شادیوں کے سیزن میں وہ اپنے علاقوں میں بھرپور شرکت کررہے ہیں۔ نئے بلدیاتی سسٹم کے تحت فیصل آباد کے شہری علاقوں میں اب یونین کونسل کی بجائے نیبر ہڈ کونسل بنائی گئی ہیں۔ نیبر ہڈ کونسل کی حلقہ بندیوں کے حوالہ سے تو امیدوار ابھی منتظر ہیں تاہم انہوں نے پہلے ہی موجودہ یونین کونسل کے علاقہ میں اپنی انتخابی مہم شروع کررکھی ہے ۔ امیدواروں کی طرف سے اپنے اپنے حلقہ میں شہریوں کے شناختی کارڈ بنوانے میں بھی معاونت فراہم کی جارہی ہے ۔ شہر کے پوش علاقوں کی نیبر ہڈ کونسلز میں متوقع امیدواروں کی طرف سے اپنے علاقہ کی اہم سیاسی، سماجی، کاروباری شخصیات کے لئے دعوتوں کا سلسلہ بھی شروع ہے ۔ موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی باربی کیو اور فش پارٹی اس وقت چل رہی ہیں۔ اس حوالے سے متوقع امیدواروں کا کہنا ہے کہ وہ علاقہ کے لوگوں کی خدمت کا جذبہ لیکر سیاسی میدان میں ہیں۔ خوشی غمی میں شرکت کرکے اہل علاقہ کے لئے مختلف امور میں آسانیاں پیدا کرنا بھی ان کی ذمہ داری ہے ۔