لاہور(بابر علی)محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب نے نئے بننے والے بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کی نگرانی کے لئے آئی ٹی بیسڈ مانیٹرنگ سسٹم قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ سسٹم صوبہ بھر کے 455بلدیاتی اداروں کو ڈائریکٹوریٹ جنرل لوکل گورنمنٹ سے منسلک کرے گا۔ یہ سسٹم بلدیاتی اداروں کی جانب سے فراہم کی جانے والی سروسز اور ان کے محکمانہ امور کی موثر نگرانی کے لئے نافذ کیا جا رہا ہے ۔ اس حوالے سے کی گئی منصوبہ بندی کے مطابق سینی ٹیشن، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، بائیو میٹرک حاضری، ہیومن ریورس مینجمنٹ، الیکٹرانک نیلامی، بڈز اور بل، بلڈنگ کنٹرول مینجمنٹ سسٹم، فنانشل مینجمنٹ سسٹم، واٹر سپلائی اینڈ ڈسپوزل سسٹم، اثاثہ جات کی مینجمنٹ، سالانہ ترقیاتی پروگرام اور شکایات سیل کو آن لائن سسٹم سے منسلک کیا جائے گا۔ سسٹم نافذ کرنے کے لئے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور مانیٹرنگ آفیسر سمیت چھ اسامیوں پر بھرتی کی جائے گی۔ اس حوالے سے پنجاب حکومت نے بھی منظوری دیدی ہے ۔