اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بلاول اپنی نالائقی اور نااہلی کا ملبہ دوسروں پر نہ ڈالیں، آپ اتنے لاعلم ہیں کہ نہیں پتہ کہ آپ کے اپنے صوبے میں دو ہزار 25 ملین کیوبک فٹ گیس پیدا ہوتی ہے ،اس میں 1784 ملین کیوبک فٹ سندھ استعمال کرتا ہے جبکہ 200 ملین کیوبیک فٹ پاور اور فرٹیلائزرز پلانٹس کو مہیا ہوتی ہے ،صرف ایک سو دس ملین کیوبک فیٹ سندھ سے باہر جاتی ہے ۔ شبلی فرازنے بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ غریبوں اور مزدوروں کے حقوق کا راگ الاپنے والوں نے پنشنرز تک کو نہیں بخشا،آپ کے وزیر اعلیٰ کے ماتحت محکمہ خزانہ میں سوا 2 ارب کا فراڈ پنشنرز فنڈ میں سامنے آیا،جعلی پنشنرز اور جعلی اکائونٹ بنا ئے گئے ۔ شبلی فرازنے کہا 95 فیصد جعلی بینک اکائونٹس کا کھرا آپ کے وزیر اعلیٰ کے آبائی ضلع دادو میں جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا غریب کی کٹیا اجاڑ کر سوئس اکاونٹس بھرے اور سرے محل تعمیر کئے گئے ، بلاول بھٹو الیکشن کمیشن کو دھمکانے کی بجائے اپنی جماعت کی فارن فنڈنگ کے حوالے سے جواب دیں۔ شبلی فرازنے کہا کہ بنڈل آئی لینڈ پر ہونے والی تعمیروترقی وفاق کی جانب سے سندھ کے عوام کے لئے تحفہ ہوگی۔ انہوں نے کہا جب سیاست اہلیت کی بجائے وراثت کی بنیاد پر ملے تو یہی حال ہوتا ہے جو آج پی ڈی ایم کا ہے ،پی ڈی ایم کی تحریک دم توڑ چکی ہے ،بلاول صاحب! آپ کی سیاست جھوٹ فریب اور کرپشن پر مبنی ہے ۔