لاہور(وقائع نگار )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ پنجاب روز گار سکیم ایک گیم چینجر ثابت ہو گی ، 16 لاکھ سے زائد لوگوں کو رو زگار ملے گا، حفیظ سنٹر کے تاجروں کے نقصانات کے ازالے کیلئے حتمی پلان مانگ لیاجبکہ صوبہ بھر میں بلند عمارتوں میں فائر سیفٹی انتظامات کی انسپکشن کافیصلہ کیاگیاہے ۔ 30ارب روپے کی پنجاب روزگار سکیم کے حوالے سے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن اوربینک آف پنجاب میں معاہدے پر دستخط کی تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب تھے ۔معاہدے پر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ایم ڈی جمیل احمد جمیل اوربینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود نے دستخط کیے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر کہاکہ پنجاب کی تاریخ کی یہ سب سے بڑی روزگار سکیم ہے ۔30 ارب روپے سے زائد کے قرضے آسان شرائط پر دیئے جائیں گے ۔16 لاکھ سے زائد لوگوں کو رو زگار ملے گا۔ روزگار سکیم کے ذریعے لاکھوں نوجوان معاشی طورپر خود مختار ہوں گے بلکہ چھوٹی اوردرمیانے درجے کی صنعتوں کے مالکان بھی اپنے کاروبار کو فروغ دے سکیں گے ۔ایک لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک کے قرضے انتہائی کم شرح سود پر فراہم کیے جائیں گے ۔سکیم سے 20سے 50سال تک کے مرد حضرات، خواتین اورخواجہ سراء بھی مستفید ہوسکیں گے -سکیم کے تحت خصوصی افراد کو بھی آسان شرائط پر قرضے دیں گے ۔یہ حکومت کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے ۔صوبائی وزراء ہاشم جواں بخت،فیاض الحسن چوہان،صدر بینک آف پنجاب ظفر مسعوداورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے محکمہ داخلہ پنجاب کوعمارتوں میں فائر سیفٹی انتظامات کی چیکنگ کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں جس کیلئے سروے ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی ۔سروے کی حتمی رپورٹ وزیراعلیٰ آفس پیش کی جائے گی۔ادھر وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں حفیظ سینٹر میں آتشزدگی سے تاجروں کے نقصانات کے ازالے کیلئے اقدامات پر غور کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے تاجروں کے نقصانات کے ازالے کیلئے حتمی پلان طلب کرتے ہوئے کہا کہ نقصانات کے ازالے کیلئے میکانزم تین روز میں تشکیل دیا جائے ۔ ہماری ہمدردیاں تاجروں کے ساتھ ہیں اور تاجروں کو مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں حضرت محمدؐ کی ولادت باسعادت کی تقریبات مذہبی جوش و خروش اورعقیدت و احترام سے منائی جائیں گی۔ 12ربیع الاول کو سیرت کانفرنسوں کا انعقاد اور خصوصی پروگرام منعقد ہوں گے ۔ وزیر اعلیٰ پنجا ب نے پولیو سے بچاؤ کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا کہ پولیو سے محفوظ پاکستان ہمارا مشن ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجا ب نے فیصل آباد میں ڈکیتی کے دوران معروف قوال شیرمیانداد پرفائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیکر آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر تے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے اور انتظامیہ کو زخمی قوال شیر میانداد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وزیراعلیٰ نے روزنامہ پاکستان اسلام آباد کے چیئرمین سردار خان نیازی کے بھائی کے انتقال پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔