اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر،این این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زر داری نے اپنی پریس کانفرنس میں خاصی گری ہوئی زبان استعمال کی ، انکووزیراعظم اور انکی ہمشیرہ کے بارے میں باتیں زیب نہیں دیتیں ۔وزیراعظم کی بہن کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ،خان صاحب کو کسی نے مسٹر 10 پرسنٹ کہا نہ ہی بہن سے متعلق کبھی کسی نے بات کی۔بلاول بھٹو سیاسی طور پر مایوسی کا شکار ہیں، اوٹ پٹانگ باتوں کے بجائے اپنے اور خاندان پر اٹھائے گئے سوالات کا جواب دیں۔گزشتہ روز بلاول بھٹوزرداری کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ویڈیو بیان میں شبلی فراز نے مزید کہاکہ کسی خاتون کے بارے میں اس قسم کی باتیں بہت نیچ حرکت ہے ۔بلاول آخری بندہ ہے جس نے عمران خان پر کرپشن کا الزام لگایا ۔ ہم بلاول بھٹو کے الزامات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ بلاول بھٹواس قسم کی باتیں نہ کریں، وہ یاتو سو کر اٹھے تھے یا پھرزمینی حقائق سے لاعلم ہیں۔ بلاول کے معاونین نے بھی انہیں نہیں سمجھایا،ایسی باتیں کرکے بلاول نے اپنا مذاق بنا لیا جبکہ ماضی کی ایک بڑی پارٹی کو لاڑکانہ تک محدود کردیا ہے انکے پاس سیاسی طور پر کوئی ایجنڈا نہیں اسلئے ایسی باتیں کر رہے ہیں۔عمران خان پر کرپشن کا الزام لگانے سے پہلے بلاول بھٹو زرداری کو 10 بار سوچنا چاہئے تھا۔علاوہ ازیں شبلی فراز نے ٹویٹ میں کہا کہ سٹاک مارکیٹ کی کارکردگی ملک میں کاروباری اعتماد کی عکاسی کررہی ہے ۔ 23 ارب ڈالر کی ریکارڈ غیر ملکی ترسیلات زر معیشت کیلئے مثبت اشارے ہیں۔