کراچی ،کوئٹہ،سبی (سٹاف رپورٹر،نامہ نگار، نیوز ایجنسیاں) صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہاکہ تاریخی سبی میلہ کا تسلسل اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ زندہ قومیں اپنی روایات کو ہمیشہ برقرار رکھتی ہیں، سبی کے تاریخی میلے میں شرکت میرے لئے باعث مسرت ہے جن مسائل کی نشاندہی کی گئی، اس کو حل کرنے کے لئے بھرپور کوشش کروں گا، اقتصادی راہداری سے بلوچستان ترقی وخوشحالی کی جانب گامزن ہوچکا ہے اب ہمیں بلوچستان کی ترقی نظر آرہی ، ماضی کی غلطیاں ٹھیک کریں گے ، دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں کامیابی سے ہمکنار ہوئے بچے کھچے دہشت گردوں کے خاتمہ کا دن بھی قریب ہے ۔ کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت، شہید ہونے والوں کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جشن سبی میلہ میویشاں واسپان کے باقاعدہ افتتاح کے موقع پربطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ،صدرنے سبی میلے کے افتتاحی تقریب میں پیش کئے جانے والے تمام پروگراموں کو دلچسپی سے دیکھا اور خوب لطف اندوز ہوئے ۔ سبی میویشاں واسپاں کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے صدر مملکت سبی ایئرپورٹ پر پہنچے تو وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان عالیانی کمشنرسبی ڈویژن سید فیصل شاہ نے شایاں شان استقبال کیا ۔۔ بلوچی رسم وراج روایات کے مطابق تمام مہمانوں کو دستار پہنائی گئی۔بعدازاں افتتاحی تقریبات میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے ۔علاوہ ازیں زرعی وصنعتی نمائش کا بھی باقاعدہ افتتاح صدر نے کیا۔قبل ازیں صدرنے کراچی میں ایم کیوایم کے رہنما امین الحق کے گھرجاکران سے والدہ کے انتقال پر اظہارتعزیت کیا اورمرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پرایم کیوایم کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور عامر خان بھی موجود تھے ۔ عارف علوی