ملتان، اسلام آباد(نیوز رپورٹر،این این آئی)قندیل بلوچ قتل کیس کے ایک اور نامزد ملزم ، قندیل بلوچ کے بھائی عارف کو انٹرپول کے ذریعے سعودی عرب میں گرفتار کر لیا گیا ۔ملتان پولیس کے مطابق انٹرپول کے ذریعے قندیل بلوچ قتل کیس کے نامزد ملزم عارف کو سعودی عرب کے شہر جدہ سے اس کے کفیل کی مدد سے گرفتار کر لیا گیا ۔ملزم عارف پر الزام ہے کہ وہ قتل کے وقت مرکزی ملزم وسیم سے ٹیلی فونک رابطے میں تھا جس کے شواہد وسیم کے موبائل فون کی فرانزک رپورٹ میں ملے تھے ۔دوسری جانب قندیل بلوچ کی والدہ انور بی بی کا کہنا ہے کہ میرا بیٹا عارف بے گناہ ہے ، مفتی عبدالقوی نے اس قتل میں میرے سارے بیٹوں کو پھنسایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کچھ علم نہیں کہ گرفتاری کے بعد عارف کو کہاں رکھا گیا ہے ، عارف کو کچھ بھی ہوا تو اس کی ذمے داری پولیس پر عائد ہو گی۔قندیل کی والدہ نے کہا کہ ہمیں صرف سعودی عرب سے عارف کی گرفتاری کی اطلاع موصول ہوئی ہے ۔علاوہ ازیں ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے قندیل بلوچ کے قتل کے مقدمہ میں پولیس اہلکاروں کے بیانات قلمبند کرتے ہوئے مزید شہادتوں کیلئے سماعت 11 مئی تک ملتوی کردی ۔ مفتی عبدالقوی کی جانب سے عمرہ کی ادائیگی پر جانے کیلئے حاضری سے استثنیٰ کی استدعا کی گئی تھی جو منظور کرلی گئی۔