کوئٹہ،اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر ،سپیشل رپورٹر،92 نیوزرپورٹ)وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ نچلا طبقہ اوپر آئے گا تو پاکستان ترقی کرے گا، ہمارے حکمرانوں نے لندن میں وہاں جائیدادیں لیں جہاں برطانوی وزیراعظم بھی نہیں لے سکتا۔ وزیر اعظم نے بدھ کو کوئٹہ میں این ایچ اے کے مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا۔اس موقع پر وزیر اعظم کو مختلف منصوبوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، وزیر مواصلات مراد سعید،اسد عمر بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے ۔وزیراعظم نے 22 کلو میٹر کوئٹہ ویسٹرن بائی پاس این 25کو دورویہ کرنے اور 11 کلومیٹر ڈیرہ مراد جمالی بائی پاس این 65کی تعمیرکے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ میرا فلسفہ اور سوچ یہ ہے کہ غریبوں کی خدمت کرنے والے کو اﷲ عزت دیتا ہے ،گنگا رام ہسپتال کی دنیا تعریف کرتی ہے ،وہ مسلمان نہیں تھا،ان کا نام دنیا یاد رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں کہ دنیا پیسے والوں کو نہیں انسانیت کے لئے کام کرنے والوں کو یاد کرتی ہے ،برصغیر میں اسلام لانے والے صوفیا کے مزاروں پر فاتحہ پڑھنے کیلئے آج طویل مدت بعد بھی لوگ آتے ہیں،انہوں نے دکھی انسانیت کی خدمت کی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ یواین ڈی پی کی حالیہ رپورٹ ہماری کارکردگی کی مظہر ہے ،جس کے مطابق انسانی وسائل اورغربت میں سب سے زیادہ کمی یہاں ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ایک چھوٹا اشرافیہ طبقہ وسائل پر قابض ہے ،اس طبقہ کے پاس اتنا سرمایہ ہے کہ لندن کی قیمتی ترین علاقوں میں ان کی جائیداد ہے جہاں برطانیہ کے وزیر اعظم جائیداد نہیں لے سکتے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تب ترقی کرے گا جب نچلا طبقہ ترقی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست میں ایک منفرد نظام تھا،وہاں سربراہان مملکت نے اپنے محلات نہیں بنائے ،بیت المال کا پیسہ نچلے طبقہ پر لگایا جاتا تھا۔چین کا سی پیک کا ویسٹرن روٹ مغربی علاقوں کی ترقی کے لئے متعارف کرایا گیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ این ایچ اے ایسی معیاری سڑکیں تعمیر کرے کہ لوگ اس کی مثالیں دیں کہ انہوں نے پیسے جیبوں میں ڈالنے کی بجائے منصوبوں پر لگائے ،ہم نے یہ نہیں سوچا کہ ماضی کی طرح وزرا منی لانڈرنگ کرکے پیسہ باہر لے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم بلوچستان کی محرومیاں دور کریں گے ،جتنے فنڈز ہماری حکومت نے صرف کئے ان کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ خواہش ہے کہ بلوچستان میں بھی ہرایک کو یہ کارڈ دیاجائے ۔انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام سے مستحق افراد کو براہ راست سبسڈی کے لئے سروے 80 فیصد مکمل کرلیا گیا ہے ۔جام کمال خان نے کہا کہ سابق حکومت سے زیادہ کام کررہے ہیں لیکن چرچا نہیں کررہے اور لوگ سمجھتے ہیں کہ کام نہیں ہورہا۔تقریب سے مراد سعید نے بھی خطاب کیا۔وزیراعظم نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت مستحقین میں چیک بھی تقسیم کئے ۔ دریں اثنا وزیراعظم کی زیر صدارت صوبہ کی مجموعی صورتحال اور ترقیاتی امور کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان نے وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی ۔ وزیر اعظم کو پاک ایران سرحدی علاقے میں بارڈر مارکیٹس کے قیام، صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی ۔ بعد ازاں وزیراعظم دورہ کوئٹہ مکمل کر کئے خصوصی طیارے میں اسلام آبا د پہنچ گئے ۔علاوہ ازیں وزیر اعظم نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کو تیز کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ کم آمدنی والے ملکوں کو مساوی ، بروقت اور بڑے پیمانے پر کووڈ۔19 ویکسین فراہمی کی ضرورت ہے ۔ بل گیٹس نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعتراف اور اس بات پر اتفاق کیا کہ دنیا کو اس عالمی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے وزیر اعظم کو یہ بھی تجویز پیش کی کہ چھوٹے کسانوں کے لئے عالمی تعاون بڑھانے کی غرض سے شعور اجاگرکرنے کے لئے پاکستان کی منفرد آواز کو بروئے کار لانا چاہئے ۔وزیر اعظم اور بل گیٹس نے پاکستان میں کورونا، پولیو اور دیگر بیماریوں کے پھیلائو کو روکنے اور مشترکہ مقاصد پر مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ گزشتہ روز وزیراعظم نے سعودی عرب کی جانب سے ایران کیساتھ تعلقات کی بحالی کیلئے جاری مثبت بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایران ہمارا ہمسایہ جبکہ سعودی عرب انتہائی قریبی دوست ہے ۔ اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ سعودی عرب کی جانب سے اٹھایا گیا یہ اقدام مسلم امہ کو مضبوط کرنے کا باعث بنے گا۔