کوئٹہ(سٹاف رپورٹر؍ 92 نیوز رپورٹ؍ این این آئی) بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے 3صوبائی وزرا اور ایک پارلیمانی سیکرٹری نے استعفے دینے کا اعلان کردیا۔ہفتے کو بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی وزرا نورمحمد دمڑ، مٹھا خان کاکڑ، حاجی محمد خان طوراوتمانخیل ، پارلیمانی سیکرٹری سردار مسعود لونی نے کوئٹہ میں ملاقات کے بعد مشترکہ فیصلہ کیا کہ وہ عہدوں سے مستعفی ہوجائیں گے ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کے نام استعفے بھی لکھ دیئے جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے قیام کا مقصد صوبے کے عوام کی بلاتفریق خدمت تھا لیکن صوبے کے پشتون اضلاع کو یکسر طور پر نظر انداز کیا جارہا ہے ، وزیراعلیٰ کے پاس15سے زائد محکموں کے قلمدان ہیں، کابینہ میں بھی پشتون وزرا کو ترجیح نہیں دی گئی،احتجاجاً عہدوں سے مستعفی ہورہے ہیں، ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ چاروں رہنمائوں نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ وہ استعفے وزیراعلیٰ کے سامنے رکھیں گے ، انہیں مطالبات تسلیم کرنے پرقائل کریں گے ، اگر مذاکرات نہیں ہوپاتے تو مستقبل میں وزیراعلیٰ کیساتھ نہیں چل سکتے ۔