کوئٹہ(خلیل احمد) بلوچستان حکومت نے مالی بحران سے نمٹنے کیلئے قرض لینے کیلئے عالمی مالیاتی اداروں سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اس عمل میں وفاق صوبائی حکومت کی ہرممکن مدد کرے گا۔ انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق بلوچستان میں گزشتہ ایک دہائی کے دوران پی ایس ڈی پی کے نام پر لوٹ مار کا بازار گرم کیا گیا، اس وقت حکومت پی ایس ڈی پی مکمل کرنے کیلئے 450 ارب روپے کی ضرورت ہے اور یہاں صورتحال یہ ہے کہ مالی بحران کے باعث ابھی تک سرکاری ملازمین سمیت منتخب عوامی نمائندوں کو تنخواہ ادا نہیں کی جاسکی ہے ، اگر یہ منصوبے ختم کردئیے جائیں یا ان پر کام روک دیا جائے تو کھربوں روپے ضائع ہونے کا خدشہ ہے ۔