لاہور(جنرل رپورٹر)یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام بلوچستان اور آزاد جموں و کشمیر کے میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے لاہور ،کراچی سمیت مختلف شہروں میں انٹری ٹیسٹ کا انعقادکیا گیا جس میں 10 ہزار سے زائد امیدواروں نے شرکت کی، بلوچستان میں انٹری ٹیسٹ بی یو آئی ٹی ایم ایس کوئٹہ میں ہوا، جس میں 6 ہزار ایک امیدواروں نے حصہ لیا، گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی نے امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات کی تعریف کی ۔آزاد جموں و کشمیر میں کل 4 ہزار 322 امیدوار ٹیسٹ میں شریک ہوئے ، مراکز مظفرآباد، راولاکوٹ، میرپور اور راولپنڈی میں قائم کیے گئے ، راولپنڈی کے امتحانی مراکز پر وی سی یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ کرچی ،حیدرآباد اور نوابشاہ میں بھی میڈیکل جامعات میں داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیاگیاجس میں سینکڑوں امیدواروں نے حصہ لیا۔