لاہور (خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ایک روزہ دورے پر بلوچستان گئے ، وزیراعلیٰ نے تربت اورگوادر کا بھی دورہ کیا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار تربت پہنچے تو وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی،ایم پی اے لالہ رشید دشتی، عبدالروف رند اور دیگر بھی موجود تھے ۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی جانب سے سرکٹ ہاؤس تربت میں وزیر اعلیٰ کے اعزاز میں تقریب کاانعقاد کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب کو بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام کمال خان نے روایتی پگڑی پہنائی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے اعزاز میں تقریب سے بلوچی زبان میں خطاب کیا ۔انہوں نے کہاکہ تربت آکر انتہائی خوشی محسوس کررہا ہوں۔بلوچستان میرا دوسرا گھر ہے ۔ بلوچستان کی ترقی کے لئے بھرپور تعاون جاری رکھیں گے ۔ تربت کی ترقی دیکھ کر خوشی ہوئی ہے ۔بلوچستان کے طلبا وطالبات کے لئے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں خصوصی کوٹہ مختص کیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ لاہور میں چاروں صوبوں کی ثقافتی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے لئے بہت جلد پروگرام کا انعقاد کیاجائے گا جس سے بین الصوبائی روابط میں اضافہ اورثقافتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔پنجاب حکومت بلوچستان میں دل کے امراض کے علاج معالجہ کے لئے ہسپتال بنائے گی جبکہ خاران میں پنجاب حکومت کے تعاون سے ٹیکنیکل کالج بھی تعمیر کیاجا رہاہے ۔وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا دورہ تربت تاریخی اہمیت کا حامل ہے ۔صوبہ پنجاب اور بلوچستان کے درمیان برادرانہ تعلقات میں اضافہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو مکران ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں، حالیہ بارشوں و برفباری سے ہونے والے نقصانات اور امداد و بحالی کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا۔سردار عثمان بزدار او روزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بارشوں سے متاثرہ علاقوں،میرانی ڈیم کا بھی فضائی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کوگوادرسمارٹ سٹی اور گوادرماسٹر پلان پر بریفنگ دی گئی۔