اسلام آباد(اے پی پی ،نیٹ نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گوادر کے فائیو سٹار ہوٹل پر حملہ پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچانے کیلئے کیا گیا۔وزیرِ اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ ایسی مذموم کارروائیاں باالخصوص بلوچستان میں دہشت گرد حملے اس علاقے کی ترقی اور یہاں جاری منصوبوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے ۔انہوں نے دہشتگردوں کے ایجنڈے کو ناکام بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے ایمنسٹی سکیم پر وزرا، پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کے ارکان اسمبلی کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے اور ایمنسٹی سکیم پر بریفنگ کیلئے آج اجلاس طلب کرلیا ہے ۔ اجلاس میں تمام وزرا اور پی ٹی آئی و اس کی اتحادی جماعتوں کے ارکان اسمبلی شریک ہوں گے ۔ اجلاس کے بعد وزرا و ارکان اسمبلی کیلئے افطار ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق ایف بی آر کو بیرون ملک اثاثے اور دولت رکھنے والے پاکستانیوں کی بڑے پیمانے پر معلومات مل چکی ہیں ، اس لئے اس موقع پر یہ سکیم موثر رہے گی اور لوگوں کو ایک بار اپنی غیرقانونی دولت و اثاثہ جات کو ٹیکس کی ادائیگی پر قانونی حیثیت دلوانے کا موقع دینے سے معیشت کو دستاویزی بنانے میں مدد ملے گی۔پاکستان نے کہا ہے کہ اس سکیم سے ایف بی آر کا اضافی ریونیو ایک ہزار ارب روپے کے قریب پہنچ سکتا ہے جو آئی ایم ایف کی تجویز کے قریب ہے اور اس سے صارفین پر ٹیکس کا اضافی بوجھ بھی زیادہ نہیں پڑے گا۔