کوئٹہ(ا ے پی پی)وفاقی محتسب سید طاہر شہباز نے کہا ہے کہ عوام کو مختلف محکموں سے درپیش مشکلات اور مسائل کے حل کے لیے شکایات کے اندراج اور پیش رفت سے متعلق جدید خطوط پر اقدامات کئے جارہے ہیں،اس مقصد کے تحت عوام کی شکایات کے ازالے کے لئے ایپ متعارف کرادی ہے ۔ اس ایپ کے ذریعے لوگ گھر بیٹھے شکایت درج کراسکتے ہیں ۔ جمعہ کوایوان صنعت وتجارت کوئٹہ کے دورے کے موقع پرچیمبرآف کامرس سے خطاب اوربعدازاں میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے طاہرشہباز نے کہاکہ گزشتہ سال وفاقی محکموں کے خلاف ملک بھر سے 70 ہزار سے زائد شکایات نمٹائی گئیں،کوئٹہ مغربی اور کچلاک بائی پاسیز کی تعمیر میں تاخیر سے متعلق این ایچ اے حکام سے پوچھیں گے ۔وفاقی محتسب نے کہاکہ جانتے ہیں کہ بلوچستان میں دوسرے صوبوں کی نسبت مسائل زیادہ ہیں،بلوچستان کی شکایات کا ازالہ کریں گے ۔ طاہر شہبازکا کہنا تھا کہ وفاقی محتسب کا مینڈیٹ وفاقی ایجنسیوں سے متعلق شکایات کا ازالہ کرنا ہے اس سلسلے میں سادہ کاغذ ، ای میل ، ٹیلی فون اور موبائل ایپ کے ذریعے متعلقہ حکام کو شکایات کی جاسکتی ہیں۔ وفاقی محتسب کے لئے کسی وکیل کی ضرورت نہیں ہم کسی بھی شکایت پر فیصلہ 2 ماہ کے دوران کرتے ہیں۔