کوئٹہ ،قلعہ عبداللہ، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگار+ 92 نیوز رپورٹ، سپیشل رپورٹر ) بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے مین بازار میں پولیس وین پر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت 2 شہید جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت 7افراد زخمی ہوگئے ۔پولیس کے مطابق گزشتہ روز ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے عبداللہ خان بازار میں پولیس وین کے قریب نامعلوم شرپسندوں کی جانب سے بارودی مواد نصب موٹرسائیکل کھڑا کیا گیا جو زوردار دھماکہ سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل حکمت اللہ شہید جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت 8افراد زخمی ہوگئے ،زخمیوں میں سے ایک اورشخص رحمت اللہ ہسپتال میں دم توڑ گیا ۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس قلعہ عبداللہ عبداللہ خان مندوخیل کے مطابق آئی ای ڈی بارودی مواد موٹرسائیکل میں نصب کیاگیاتھا ،عبداللہ مندوخیل کے مطابق پولیس اور سکیورٹی اداروں نے علاقہ کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے ۔ دھماکے سے قریب دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔دریں اثناء وزیرداخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے دھماکے میں پولیس اہلکار کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ،میرضیاء اللہ لانگو نے کہاکہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے پوری قوم متحد ہے ۔ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے بھی بم دھماکے کی شدید مذمت کی ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف یکجا ہے ، دہشت گرد ترقی کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہونگے ۔