کوئٹہ (رپورٹ: خلیل احمد) بلوچستان حکومت کے گڈگورننس کے دعوے بیانات تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں۔ صوبائی سیکرٹریٹ اوردیگر محکموں میں اہم عہدوں پر نان کیڈر اورجونئیر افسران کی تقرری سے صوبے کی بیوروکریسی میں شدید بے چینی پھیل گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق بلوچستان سول سروس اور بلوچستان سیکرٹریٹ سروس کے افسروں نے تنظیمی اجلاس میں شدید احتجاج کرتے ہوئے حق کیلئے آخری حد تک جانے کا عندیہ دیدیا ہے ۔ تنظیمی عہدیداروں نے بھی وزیراعلیٰ جام کمال سے ملاقات میں تحفظات اور خدشات کا کھلے لفظوں میں اظہار کردیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق افسران کا کہنا ہے کہ فوری طور پر نان کیڈرز کی اہم پوسٹوں پر تعیناتی کے آرڈر واپس نہ لئے گئے تو دفاتر کو تالے لگانے سے بھی گریز نہیں کریں گے ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے تحفظات دور کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کی یقین دہانی کرادی ہے ۔