واشنگٹن، برسلز (اے ا یف پی) امریکی صدر ٹرمپ کو عالمی ادارہ صحت کے ساتھ تمام تعلقات ختم کرنے اور فنڈزروک دینے کے اقدام کے باعث عالمی سطح پر شدید تنقید کا سامنا ہے جبکہ خود امریکی سینیٹ کی صحت کی کمیٹی نے بھی اس فیصلے کو خطرناک قرار دیا ہے ۔یورپی یونین نے صدر ٹرمپ پر زور دیا کہ وہ تعلقات منقطع کرنے کے فیصلے پرنظرثانی کریں، عالمی سطح پر تعاون اور یکجہتی ہی اس جنگ کو جیتنے کی موثر راہ ہے ۔برطانیہ نے کہا وہ امریکہ کے فیصلے کے باوجود عالمی ادارہ صحت کو دئیے گئے فنڈز واپس لینے کاکوئی ارادہ نہیں رکھتا۔جرمنی نے کہا امریکی صدر کا فیصلہ مایوس کن ہے ،جرمن وزیر صحت جینز سپین نے کہاکسی تبدیلی کی صورت میں یورپ کو قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے فنڈنگ میں اضافہ کرنا ہوگا۔علاوہ ازیں امریکی سینٹ کی ہیلتھ کمیٹی نے خبردار کیا ہے کہ اس فیصلے سے کورونا کی ویکسین تیار کرنے کیلئے کلینیکل ٹرائلز میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔قبل ازیں صدر ٹرمپ اور برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے ٹیلیفونک رابطہ کیاجس میں کورونا کی عالمی صورتحال اور ویکسین کی تیاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔