لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد سے عالمی ادارہ صحت کے وفد نے ملاقات کی ۔عالمی ادارہ صحت کی محکمہ صحت پنجاب کو انسانی وسائل کی ترقی کے لئے تعاون کی پیشکش کی ۔عالمی شہرت یافتہ ماہر ہیومن ریسورس ڈاکٹر ماریو رابرٹو انسانی وسائل کی ترقی کے لئے محکمہ صحت کے ساتھ کام کرینگے ۔وزیر صحت کا ڈبلیو ایچ او کی طرف سے تعاون کی پیشکش کا خیر مقدم کیا۔عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے محکمہ صحت پنجاب کو انسانی وسائل کی ترقی( ایچ آر ایچ) کے لئے تعاون کی پیشکش ہے ۔ عالمی شہرت یافتہ ماہر ہیومن ریسورس ڈاکٹر ماریو رابرٹوڈل پاز انسانی وسائل کی ترقی کے لئے محکمہ صحت کے ساتھ کام کرینگے ۔ اس ضمن میں عالمی ادارہ صحت کے وفد نے ڈاکٹر جمشید احمد کی سربراہی میں پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر ماریو رابرٹوڈل پاز بھی موجود تھے ۔ وزیر صحت نے ڈبلیو ایچ او کی طرف سے تعاون کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارہ صحت پنجاب میں ایچ آر ایچ آبزرویٹری قائم اور سٹریٹجک فریم ورک میں تعاون کرے گا۔علاوہ ازیں پنجاب کے لئے ایچ آر ایچ پالیسی کی تیاری میں تکنیکی معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ عالمی ادارہ صحت پہلے ہی پنجاب میں شعبہ صحت میں گرانقدر خدمات انجام دے رہا ہے ۔ اب محکمہ صحت میں انسانی وسائل کی ترقی میں مدد صحت کے اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگی۔ یاسمین راشد نے کہا کہ بہتر انسانی وسائل کی موجودگی کے بغیر صحت عامہ کے شعبے میں اصلاحات کا عمل مکمل نہیں ہوسکتا۔ ڈاکٹر ماریو رابرٹو جیسے ماہر کے تعاون سے ہیومن ریسورسز میں بہتری میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر ڈاکٹر ماریو رابرٹو نے بتایا کہ میں دیگر ممالک میں ہیلتھ ہیومن ریسورسز کے فروغ کے لئے خدمات فراہم کرچکا ہوں اور اب پنجاب میں بھی محکمہ صحت کی ترقی کے لئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائوں گا۔