اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،92نیوزرپورٹ) معاون خصوصی وزیراعظم فردوس عاشق اعوان نے نوازشریف کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیماری ایک بہانہ ہے ، اصل نشانہ لندن جانا ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا ضمانت کے بعد نوازشریف ایک دن بھی کسی ہسپتال میں داخل نہیں ہوئے ، عمران خان کا بیانیہ جیت گیا، عوام کو ورغلانے کا سلسلہ دم توڑ چکا ہے ،فردوس عاشق نے کہاکہ لاپتہ لیڈرآف اپوزیشن شہباز شریف لندن کی سڑکوں پرگھومتے نظرآتے ہیں، جونہی نیب اپوزیشن لیڈر کو بلاتا ہے تو وہ بیمار ہو جاتے ہیں،فردوس عاشق اعوان بولیں شریف برادران عدالت کو قائل نہیں کر سکے ،عوام کو کیسے قائل کرینگے ، غذا پوری نہ ہوئی تو ایک اور گولی د یدینگے ۔دریں اثنا پاکستان میں چین کے سفیر نے وزیراعظم کی معاون خصوصی سے ملاقات کی ۔یائو جنگ سے گفتگو میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان اپنے دوست ملک چین کی سترویں سالگرہ پر پاکستانی ثقافتی طائفہ چین میں تقریبات کیلئے بھیجے گا۔ انفارمیشن اور ثقافتی طائفوں کے تبادلوں سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہونگے ۔چائنیز ڈراموں کی اردو ڈبنگ کے بعد پاکستانی میں ٹیلی کاسٹ کرنے کے آئیڈیا کا خیرمقدم کرتے اور چاہتے ہیں کہ پاکستانی ڈرامے بھی چینی ٹیلی ویژن نیٹ ورک پر ٹیلی کاسٹ ہوں،چینی سینماگھروں میں پاکستانی اردو فیچر فلم "پرواز ہے جنون" کی مئی میں کمرشل ریلیز خوش آئند اقدام ہے ۔