لاہور(نیٹ نیوز) پنسل کی نوک سے ’زنجیر‘ بنانے کا عالمی ریکارڈ جو گزشتہ 10 ماہ سے پاکستانی و بھارتی نوجوان توڑتے اور بناتے آ رہے ہیں۔حال ہی میں لاہور سے تعلق رکھنے والے 18 سالہ نوجوان آرٹسٹ احسن قیوم نے پنسل کی نوک سے زنجیر بنانے کا عالمی ریکارڈ بناکر بھارتی نوجوان کو پیچھے چھوڑ دیا۔احسن قیوم نے ایف اے تک تعلیم حاصل کی ہے ،اس نے پنسل کی نوک سے زنجیر کی 75 کڑیاں بنا کر بھارتی نوجوان کا ریکارڈ توڑا۔اس سے قبل بھارتی ریاست کرناٹکا کے 32 سالہ سریندرا نے رواں برس ستمبر میں پنسل کی نوک سے 58 زنجیر کی کڑیاں بنا کر رواں برس کے آغاز میں ہی عالمی ریکارڈ قائم کرنے والے پاکستانی آرٹسٹ عبدالبصیر کا ریکارڈ توڑا تھا۔عبدالبصیر کا تعلق بھی پنجاب کے شہر گوجرانوالہ سے تھا اور انہوں نے پنسل کی نوک سے 50 زنجیر کی کڑیاں بنا کر یہ ریکارڈ بنایا تھاجبکہ عبدالبصیر سے قبل یہ ریکارڈ ایک بھارتی نوجوان کے پاس تھا اور یوں اس منفرد ریکارڈ کے توڑنے اور بنانے کا سلسلہ گزشتہ ایک سال سے پاکستان اور بھارت کے نوجوان کے درمیان چل رہا ہے ۔