لاہور،ملتان (خصوصی نمائندہ،خصوصی رپورٹر، نمائندہ خصوصی سے )وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے پنجاب کے سرکاری ملازمین کیلئے بناولنٹ فنڈ میں اضافہ کے علاوہ اساتذہ کے تبادلوں کیلئے آن لائن نظام کی بھی منظوری دیدی۔تفصیل کے مطابق محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے اضافہ شدہ گرانٹس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔ پنجاب کے سرکاری ملازمین کے بچوں کے سکالرشپ میں اضافہ کیا گیا ہے ،ِ پرائمری تا سیکنڈری سکول سالانہ 20 ہزار روپے تعلیمی وظیفہ دیا جائے گا جبکہ ہائر سیکنڈری سکول طلبا کو سالانہ 50 ہزار روپے ایجوکیشنل سکالرشپ ملے گا، اسی طرح سرکاری ملازمین کے بچوں کیلئے میرج گرانٹ میں 3 گنا سے زائد اضافہ کیا گیا ہے ، صوبائی ملازمین کیلئے میرج گرانٹ 40 ہزارروپے اور 50 ہزار روپے سے بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ روپے کردی گئی ہے ، وفات کی صورت میں جنازہ گرانٹ بھی بڑھا دی گئی، سرکاری ملازم کی وفات کی صورت میں لواحقین کو 50 ہزار روپے جنازہ گرانٹ ادا کی جائے گی، سرکاری ملازم کی بیوہ کو ملنے والی ماہانہ گرانٹ میں بھی اضافہ کیا گیا ہے ، بیوہ کی ماہانہ گرانٹ 5ہزار، 9ہزار اور 12 ہزار روپے سے بڑھا کر 10ہزار، 15ہزار اور 20 ہزار روپے کردی گئی ہے اور سرکاری ملازم کی بیوہ کو تاحیات ماہانہ گرانٹ ادا کی جائے گی،بناویلنٹ فنڈ گرانٹس میں اضافے کی نئی شرح کے نوٹیفکیشن کا اطلاق10 مئی سے ہوگاجبکہ میرج اور جنازہ گرانٹ میں ہونے والے اضافے کا اطلاق 10 مئی سے ہو گا۔دریں اثنا اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے محکمہ سکولز ایجوکیشن کے اساتذہ کی ای ٹرانسفر پالیسی کی باقاعدہ منظوری دی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ای ٹرانسفر پالیسی کے نفاذ سے اساتذہ کے وقت کی بچت ہوگی ۔اس پالیسی سے تعلیمی نظام میں شفافیت اورمیرٹ کاکلچر آئے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اخبارات اور میڈیا ہاؤسز کو اشتہارات کے ضمن میں واجب الادا رقوم کی ادائیگیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اخبارات اورمیڈیا ہاؤسز کو واجبات کی ادائیگیوں کے حوالے سے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو 3 روز میں سفارشات پیش کرے گی۔ ریونیو امور سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ریونیو کے حوالے سے عوامی شکایات کا فوری ازالہ ممکن بنایا جائے ۔