لاہور(خبرنگارخصوصی)محکمہ خوراک نے فلور ملز کو سرکاری گندم کا اجرا شروع کر دیا ہے ،بند سرکاری گودام کھول دیئے گئے ،فلور ملز کے ٹرک گندم حاصل کرنے کیلئے سرکاری گوداموں پر پہنچ گئے ۔محکمہ خوراک کے فیصلے کے مطابق پہلے پرانی گندم کا اجراء کیا جائے گا ۔گندم بالترتیب دوہزار سترہ اٹھارہ،اٹھارہ انیس اور پھر انیس بیس کا اجراء کیا جائے گا۔فلور ملز کو سرکاری گندم 1375 روپے فی من کے حساب سے فراہم کی جائے گی جس میں باردانہ بھی شامل ہوگا۔سرکاری گندم کے اجرا کے بعد آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی ایکس مل قیمت 786 روپے ہوگی جبکہ مارکیٹ میں بیس کلو کا تھیلا 808 روپے میں فروخت کیا جائے گاگذشتہ سال فلور ملز کو فراہم کی جانے والی گندم کی قیمت 1300 روپے فی من مقرر کی گئی تھی جبکہ اس میں باردانہ شامل نہیں تھاپاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے سرکاری گندم کے اجرا کو خوش آئند قرار دیا ہے ۔