لاہور،اسلام آباد (خصوصی نمائندہ،جنرل رپورٹر، 92نیوزرپورٹ،این این آئی،آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مخالفین نے کبھی عوامی خدمت اور سوشل ورک نہیں کیا، ہم جو کام بھی کریں گے مخالفین کہیں گے غلط ہے ،اس غلط فہمی میں نہ رہیں کہ کورونا سے پاکستانیوں کو کچھ نہیں ہوگا،کورونا کسی کونہیں چھوڑتا،سوشل میڈیا کی غلط باتوں پر توجہ نہ دیں،لاک ڈاؤن تب کامیاب ہوگاجب لوگوں کوگھروں میں کھاناپہنچائیں گے ، ووہان میں لاک ڈاؤن اس لیے کامیاب ہواکہ ہرگھرمیں کھاناپہنچایاگیا۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے گورنر ہائوس لاہور میں کورونا کے حوالے سے مخیر حضرات کی جانب سے عطیات دینے اور کورونا ٹائیگرز کے آغاز کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور،وزیرا علیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار،وفاقی وزراء معاونین شاہ محمود قریشی،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان،فواد چودھری،شفقت محمود، بیگم گورنر پنجاب، کورونا فنڈ میں عطیات دینے والے مخیر حضرات اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ مخیرحضرات کاعطیات دینے کیلئے شکریہ اداکرتاہوں،کسی ملک کوبھی کورونا جیسی مشکل سے مقابلہ کرنے کاتجربہ نہیں،معاشی طورپرمستحکم ممالک بھی مشکل میں ہیں،ترقی یافتہ ملکوں کے صحت کانظام ناکام ہوگیاہے ،کورونا چیلنج پرقابوپانے کے بعدمختلف قوم بن کرنکلیں گے ۔وزیر اعظم نے کہاجو عطیات مل رہے ہیں ان سے ڈائریکٹ لوگوں کو فنڈز دئیے جائیں گے ، ہم فیس بک پر پیج لانچ کرینگے جس کے ذریعے ہم ملک بھر سے متاثرین کا پتہ چلاسکیں گے ،جہاں مستحق افراد کا ڈیٹا بیس شئیر ہو گا، جو بھی چیرٹی کرنا چاہے انھیں دے ۔ انہوں نے کہا ماضی میں جو امداد دی گئی وہ چند لوگوں نے ذخیرہ کر لی،لاک ڈاؤن کے دوران ٹائیگرفورس کے ذریعے گھروں میں کھاناپہنچائیں گے ،ایک جانب وباکوروکنے کاچیلنج دوسری طرف غریبوں کی فکرہے ،کورونا کے ساتھ بھوک سے بھی مقابلہ ہے ۔وزیراعظم نے کہا برے وقت میں ہی اچھے مسلمان کا پتہ چلتا ہے ۔ حکومت نے ملکی تاریخ کا بڑا پیکیج دیا ہے اورمزید دیگی، ہماری کوشش ہے کہ لاک ڈائون سے جو سب سے زیادہ متاثر افراد ہیں ان کی بھرپور مدد کی جائے ۔ کوروناکے خلاف طویل جنگ ہے ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی کارکردگی کو سراہا۔ قبل ازیں وزیراعظم نے ایکسپو سنٹر فیلڈ ہسپتال لاہور کا دورہ کرکے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ اورمختلف سیکشنز کا معائنہ کیا، وزیراعظم نے تشخیصی کاؤنٹرز، ریسکیو، کمانڈ اینڈ کنٹرول روم، ایمبولینس اور دیگر سہولتوں کا بھی مشاہدہ کیا۔ اس موقع پروزیراعظم نے کہا کہ بہت جلد ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس سے نمٹنے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔ سردار عثمان بزدار نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس ہسپتال میں تمام ضروری سہولتیں موجود ہیں۔وزیراعظم نے کہا ایکسپو سنٹر میں پنجاب حکومت نے 9 روز میں فیلڈ ہسپتال بنا کر ریکارڈ بنا دیا۔اس موقع پر وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیراعظم کوبریفنگ دی کہ سیالکوٹ، گوجرانوالہ، جہلم میں بھی قرنطینہ سنٹر بنادئیے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بس ہمت نہیں ہارنی ، محنت ،لگن اورشوق سے خدمت کریں۔ قبل ازیں عمران خان جب لاہور پہنچے تو ان کے ساتھ وفاقی وزراشاہ محمود قریشی، فواد چودھری،شفقت محمود، معاونین خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، شہزاد اکبر اور عثمان ڈار بھی تھے ۔وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی اور کورونا وائرس کی روک تھام اور عوام کو ریلیف کیلئے اقدامات پر تفصیلی بریف کیا۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ہمیں کورونا کی روک تھام کے ساتھ لوگوں کو بھوک سے بھی بچانا ہے ۔اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ برصغیر میں بلند شرحِ افلاس ہے جس کی وجہ سے ہمیں متوازن اقدامات کرنے ہیں، کورونا کی روک تھام اور بھوک سے لوگوں کو بچانا بھی یقینی بنانا ہے ، ہمیں بندشوں میں حدددرجہ توازن درکار ہے ، کرونا کا پھیلاؤ کم کرنے /مکمل طور پر روکنے کیلئے اگرچہ بندشیں ضروری ہیں تاہم اہتمام لازم کہ ان بندشوں کے باعث لوگ فاقوں مریں نہ ہی معیشت کا شیرازہ بکھرے ،فی الحقیقت ہم ایک تنی ہوئی رسی پر گامزن ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ کورونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر ہم نے ملک بھر میں تعلیمی ادارے ، شاپنگ مالز، شادی ہال اور ریسٹورینٹ سمیت ہر اس جگہ کو بند کردیا جہاں عوامی اجتماعات ہوسکتے تھے تاہم لاک ڈاؤن کی تباہی کو روکنے کے لیے زرعی شعبے کو کھلا رکھا ہے اور اب تعمیراتی شعبہ بھی کھول رہے ہیں۔