لاہور، پشاور، بنوں( کرائم رپورٹر، سٹاف رپورٹر ، نمائندہ 92نیوز)بنوں میں تھانہ ڈومیل کی حدود میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پولیو ڈیوٹی کیلئے جانے والے ظالم کلہ بڈا میر عباس کے حوالدار عمران کو شہید کردیا ، پولیس اے ایس آئی عمران خان کو بودین خیل کی حدود میں اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جب وہ پولیو ڈیوٹی کیلئے جارہے تھے ، شہید پولیس اہلکارعمران خان کا مقدمہ محکمہ انسداد دہشت گردی تھانہ منڈان میں درج کر لیا گیا، مقدمہ نامعلوم ملزما ن کے خلاف درج کیا گیا جس میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں ، بعد ازاں اے ایس آئی عمران کی نماز جنازہ اقبال مروت شہید پولیس لائن میں ادا کر دی گئی ، نماز جنازہ میں ڈی آئی جی بنوں ریجن عبداﷲ خان سمیت پولیس کے دیگر افسروں اور اہلکاروں نے شرکت کی ، عمران کو آبائی گاؤں میں سپرد خاک کردیا گیا۔ ڈی پی او یاسر آفریدی نے کہا ہم نے تفتیش کے دوران کافی حد تک معلومات حاصل کی ہیں ،اس سے پہلے بھی اُنکے بھائی کو ٹارگٹ کیا گیا ہے اس کی دشمنی بھی چلی آ رہی ہے ۔ لاہور میں شادباغ کے علاقہ عامر روڈ بھمبے جھگیاں میں پولیو ورکر کو حملہ کرکے زخمی کردیا گیا، ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا، ملزم عبداﷲ نے ورکر لقمان کو تلخ کلامی کے بعد چھری سے حملہ کرکے زخمی کردیا، لقمان کے بازو پر زخم آیا ۔ پشاور میں انسداد پولیو مہم کو بدنام کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم کو ایک روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا جب کہ جلاؤ گھیراؤ کرنے کے الزام میں 12 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے گرفتاری کی کوششیں شروع کردی ہیں، عدالت میں ملزم نے کہا میں نے کچھ نہیں کیا، مجھ پر لگائے گئے الزامات کی کوئی حقیقت نہیں۔