لا ہو ر (کر ائم ر پو ر ٹر،سپیشل رپورٹر )سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے بنگلہ دیشی ٹیم کے رہائشی ہوٹل اور قذافی سٹیڈیم کا دورہ کرکے سکیورٹی کا جائزہ لیا۔ ایس پی سول لائنز نے ہوٹل میں سکیورٹی اقدامات پر بریفنگ دی۔ ذوالفقار حمید نے ایس پی دوست محمد کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ سی سی پی او نے ڈائریکٹر پی سی بی ذاکر خان اور بنگلہ دیشی ٹیم کے سکیورٹی آفیسر سے بھی ملاقات کی۔ بنگلہ دیش کی سکیورٹی ٹیم کے انچارج نے حفاظتی اقدامات پر اظہار اطمینان کیا۔ ذوالفقار حمید نے سٹیڈیم میں پی سی بی حکام سے بھی ملاقات کر کے سکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا۔دوسری طرف ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے بابر سعید نے پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے پریکٹس سیشن کے موقع پر روٹ اور سٹیڈیم پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے قذافی سٹیڈیم دورہ کے موقع پر سکیورٹی پر تعینات پولیس افسران اور اہلکاروں کو ضروری ہدایات دیں۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے قذافی سٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کے دوران بھی لاہور پولیس کی طرف سے سکیورٹی کے بہترین انتظامات دیکھنے میں آئے ۔ ٹیموں کو مضبوط سکیورٹی حصار میں ان کی قیام گاہ سے سٹیڈیم تک پہنچایا گیا۔