لاہور (سپورٹس ڈیسک) پنجاب حکومت نے صوبائی دارلحکومت لاہور میں پاکستان اور بنگلہ دیش کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلے جانیوالے ٹی ٹونٹی سیریز کے حوالے سے بنگلہ دیش کی ٹیم کی لاہور آمد پر مہمان ٹیم کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم مومن آغا کی زیر صدارت ہونیوالے اعلیٰ سطحی اجلاس میں بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کی لاہور آمد پر ٹیم کی سکیورٹی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کی جانب سے مہمان ٹیم کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ اس حوالے سے اجلاس میں طے پایا کہ بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کو چار درجاتی سکیورٹی فراہم کی جائے گی جبکہ سیریز کے دوران رینجرز کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔