لاہور(قاضی ندیم اقبال)سول بیوروکریٹس اور ان کے اہل خانہ کیلئے ’’ہیلتھ انشورنس پروگرام‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،صوبائی حکومت نے پنجاب میں تعینات گریڈ18 سے 22ویں گریڈ تک کے افسروں سے تفصیلات طلب کر لیں۔17نکات پر مشتمل تفصیلات پرفارمہ کی صورت میں فراہم کی جائیں گی۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق سیکشن آفیسر (سروسز ۔ون) عامر سہیل کیفی کی جانب سے پنجاب بھر میں صوبائی حکومت کے تحت کام کرنیوالے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (PAS)، پراونشل مینجمنٹ سروس( ایکس پی سی ایس، ایکس پی ایس ایس) افسروں کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، سول بیوروکریٹس اور ا نکے اہل خانہ کا ہیلتھ انشورنس پروگرام جلد شروع کرنیکا خواہاں ہے ۔جس کیلئے سرکاری افسروں ، اہل خانہ کی تفصیلات درکار ہیں۔ذرائع کے مطابق مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ اداروں میں تعینات گریڈاٹھارہ کے آفیسرز پرفارمہ بھریں جس میں’’سرکاری آفیسر کا نام، اس کا بنیادی پے سکیل/BPS، قومی شناختی کارڈ نمبر، تاریخ پیدائش، ضلع، باپ کا نام،ازدواجی حیثیت، شادی شدہ ہونے کی صورت میں بیوی کا نام، بیوی کی تاریخ پیدائش، غیر شادی شدہ بچوں کی تعداد، بچوں کے نام اور تاریخ پیدائش فراہم کی جائیں۔ سرکاری افسروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تفصیلات سے جلد از جلد آگاہی دیں تاکہ مفصل معلومات سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن کو بھجوائی جا سکیں اور حکومت کو پروگرام شروع کرنے میں آسانی رہے ۔