بہاولپور؍ ملتان (نامہ نگار؍سٹاف رپورٹر؍خبر نگار؍ سپیشل رپورٹر؍ نیٹ نیوز)اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کی جانب سے بہاولپور میں حکومت مخالف ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت سربراہ جے یو آئی(ف) مولانا فضل الرحمن، نائب صدر مسلم لیگ(ن) مریم نواز، پیپلزپارٹی کے رہنما سید یوسف رضا گیلانی، اے این پی کے میاں افتخار و دیگر نے کی۔ قبل ازیں ملتان سے رہنما ریلیوں کی قیادت کرتے ہوئے چنڑہائوس بہاولپور پہنچے جہاں استقبالیہ کیمپ لگایا گیا تھا۔سرائیکی چوک میں قائدین نے ریلی سے خطاب کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا پی ڈی ایم کے اتحاد سے حکومتی وزرا کے گھروں میں صف ماتم بچھی ہوئی، عمران خان کہتے ہیں کہ فوج ان کی پشت پر ہے ، فوج اپنی پوزیشن واضح کرے ، پی ٹی آئی کو سب سے بڑی فنڈنگ اسرائیل سے کی گئی ، عمران خان کو ہم پر مسلط کیا گیا جو مزید برداشت نہیں کریں گے ، موجودہ حکومت کیخلاف تحریک کو شرعی جہاد سمجھتا ہوں،اب پیچھے ہٹنا گناہ کبیرہ بن جائے گا ۔ انہوں نے کہا موجودہ حکمران کشمیر فروش ہیں ، 5 فروری کو پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرے گی۔انہوں نے کہا اسلام آباد میں 22 گولیاں مار کر نوجوان کو کیوں قتل کیا گیا ، عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں پاکستان میں انسانی حقوق کی صورت حال کا جائزہ لیں ۔ملتان سے روانگی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی(ف) کے امیر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پی ڈی ایم میں کوئی اختلافات نہیں، مضبوط اور پر عزم ہے ، جعلی اور سلیکٹڈ حکومت نے عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال رکھا، پی ڈی ایم کے پاس استعفوں کا آپشن موجود ہے ، استعفے پارٹی قائدین کے پاس جمع ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا شیخ رشید کی باتیں بے بنیاد ہیں، ہمارے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔انہوں نے کہا سلیکٹڈ حکومت کو گھر جانا ہوگا، پی ڈی ایم مضبوط اور پرعزم ہے ، اختلافات کی تمام افواہیں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں۔انہوں نے کہا عمران خان بھی فوج پر الزامات لگاتے رہے ، ان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا حکومت نے اسلام آباد پر ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے ، ہم عوام کے مینڈیٹ سے یہ قبضہ چھڑانے آئے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا جو لوگ پارٹی کا حصہ نہیں رہے ، ان پر تبصرہ کرنا نہیں چاہتا۔این این آئی کے مطابق فضل الرحمٰن نے کہا اسلام آباد کسی کے باپ کی جاگیر نہیں، ناجائز قبضہ چھڑانے کے لئے جائز جدوجہد کر رہے ہیں۔ مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا اگر مولانا فضل الرحمان کہیں تو اس عوام کا رخ اسلام آباد کی طرف موڑ دوں ۔ انہوں نے کہا عوام مہنگائی سے تنگ آئے ہوئے ہیں ، اگر عوام کا رخ اسلام آباد کی طرف موڑ دیا تو جعلی وزیر اعظم کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی ۔ مریم نواز نے خطاب کے دوران گو نیازی گو کے نعرے بھی لگوائے اور کہا کہ اس حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔ انہوں نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عوام بتائیں کہ ہم جعلی اسمبلیوں میں بیٹھے رہیں یا استعفیٰ دیں ؟ جس دن پی ڈی ایم نے استعفے دے دیئے ، اس دن اس حکومت کا کام تمام ہو جائے گا۔ مریم نواز نے کہا کہ آئی ایم ایف نے کہا ہے کی بجلی کی قیمت 25 فیصد بڑھانا پڑے گی ، مجھے غریب عوام کا احساس ہے ،مہنگائی کی وجہ سے اس نالائق اور جعلی وزیر اعظم کو گھر بھیجنا چاہتی ہوں ۔ انہوں نے کہا پنجاب کو ظلم کے خلاف کھڑا نہ ہونے کا طعنہ دیا جاتا تھا، سن لو! پنجاب اپنے حقوق واپس لینے کے لئے پوری طرح تیار ہے ، جب پنجاب کھڑا ہو جاتا ہے تو کس کے پاؤں کانپتے ہیں ، سب کو پتہ ہے ، سلیکٹرز بھی دیکھ رہے ہیں کہ پنجاب کھڑا ہو گیا ہے ۔ مریم نواز نے کہا عمران خان کہتا ہے کہ فوج جانتی ہے کہ میں کرپٹ نہیں ہوں، 127 ارب کی میٹرو بناتا ہے اور کہتا ہے فوج جانتی ہے میں کرپٹ نہیں ہوں، فارن فنڈنگ کیس کو آگے کیوں نہیں بڑھنے دیا جا رہا کیونکہ فوج جانتی ہے میں کرپٹ نہیں ہوں ، دوائی 500 فیصد مہنگی ہو گئی ، پیسہ جیب میں گیا مگر فوج جانتی ہے کہ میں کرپٹ نہیں ہوں ۔ انہوں نے کہا تابعدار خان کہتا ہے کہ میں نے اربوں روپے لوٹنے والے کو فرار کروایا مگر فوج جانتی ہے میں کرپٹ نہیں ہوں ۔ آخر میں مریم نواز نے پاکستان زندہ باد اور میاں محمد نواز شریف اور میاں شہباز شریف کے نعرے لگوائے ۔پیپلزپارٹی کے رہنما، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے حقوق کے لئے جنگ لڑ رہے ہیں، ہم نے الگ صوبہ مانگا تھا لیکن ہمیں سیکرٹریٹ پر لڑایا جا رہا ہے ۔