نیویارک (نیٹ نیوز )ہولی وڈ سائنس فکشن فلم ’ٹرانسفارمر‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ 33 سالہ میگن فاکس نے اعتراف کیا کہ عریاں کردار ادا کرنے کی وجہ سے وہ شدید نفسیاتی مسائل سے دوچار ہوئیں۔میگن فاکس کو عام طور پر بولڈ کرداروں کی وجہ سے جانا جاتا ہے اور انہوں نے معروف سائنس فکشن فلم سیریز ’ٹرانسفارمرز‘ میں بھی بولڈ کردار ادا کیا تھا۔ ’ٹرانسفارمرز‘ میں انہوں نے شیا لابوف کی کلاس فیلو اور محبوبا کا کردار ادا کیا تھا لیکن وہ فلم میں بولڈ روپ میں دیکھی گئیں۔میگن فاکس نے 2001 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہیں اپنی تیسری فلم ’کنفیشنز آف ٹین ایج ڈرامہ کوئین‘ سے شہرت ملی، تاہم وہ 2007 میں ریلیز ہونے والی اپنی چوتھی فلم ’ٹرانسفارمرز‘ سے فلمسازوں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔میگن فاکس 2009 میں بھی ’ٹرانسفارمرز‘ سیریز کے سیکوئل میں دکھائی دیں اور اسی سال ان کی ہارر کامیڈی فلم ’جینیفرز باڈی‘ بھی سامنے آئی، جس نے ان کو شہرت کی نئی بلندیوں پر پہنچایا۔فلم کی ریلیز کو ایک دہائی مکمل ہونے پر شوبز ویب سائٹ ’ای آن لائن‘ کے سامنے اداکارہ میگن فاکس نے اعتراف کیا کہ اس فلم میں عریاں کردار ادا کرنے کی وجہ سے وہ شدید نفسیائی مسائل سے دوچار ہوئیں اور انہیں ایسا محسوس ہوتا تھا کہ اگر وہ گھر سے باہر گئیں اور لوگوں نے انہیں دیکھا تو وہ ان پر شدید تنقید کریں گے ۔میگن فاکس نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ’جینیفرز باڈی‘ کے بعد تمام فلم پروڈیوسرز نے انہیں صرف عریاں اور فحش کرداروں کی پیشکش کی اور ایسے کردار ان کیلئے مزید ذہنی اذیت کا باعث بنے ۔میگن فاکس کا کہنا تھا انہیں کافی عرصے تک ایسا محسوس ہوتا رہا کہ ان کا جنسی استحصال کیا جا رہا ہے اور انہیں جان بوجھ کر فحش کردار دیے جا رہے ہیں۔