بونیر، پشاور(نمائندہ92نیوز) بامپوخہ کے پاتوڑہ چیلی کار ماربل کان میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق ، 7زخمی ہوگئے ،ضلعی انتظامیہ نے سات افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے ،مقامی لوگوں کے مطابق30سے زائد افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں،سات ٹرک گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ کئی گاڑیاں ملبے تلے دب گئی ہیں،سلائیڈنگ کے بعد گاڑیوں کی بیٹریاں پھٹ جانے سے آگ بھڑک اْٹھی،پاک آرمی کے میجرعامرلون جائے وقوعہ پہنچ گئے ،ڈپٹی کمشنرمحمدخالدکی نگرانی میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ ریسکیو1122کی ٹیم اور آرمی کی ٹیم نے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ بامپوخہ کے علاقہ چیلی کار پاتوڑہ مائننگ درنگ میں اچانک لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے نو افراد سیدرحمان ساکن ملاتنگے تورورسک بونیر،مزلف سکنہ آمبیلہ بونیر،قدیم سکنہ باجکٹہ بونیر،فرقان سکنہ لنڈیکوتل،فضل غنی سکنہ باجکٹہ بونیر،کامران سکنہ لنڈیکوتل اور حضرت حسین سکنہ بریکوٹ سوات جاں بحق ہوئے جن کی نعشیں نکال لی گئیں جبکہ فضل غفور ،عبدالغفور ساکنان بامپوخہ بونیر،شیراکبر سکنہ تورومایار،فضل وہاب،راج محمد،ندیم ساکنان باجکٹہ بونیر اور ایک شخص نامعلوم ساکن صوابی زخمی ہوگئے ،زخمیوں میں چھ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جنہیں پشاور کے ہسپتالوں کو علاج معالجہ کیلئے روانہ کردیاگیا،ابھی تک ملبے میں تیس سے زائد افراد پھنسے ہوئے ہیں جن کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر بونیرمحمدخالدکے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال ڈگراور آرایچ سی ہسپتال جوڑمیں ایمرجنسی نافذکردی گئی۔عینی شاہدین کے مطابق واقعہ ٹرک گاڑیوں کی پارکنگ میں پیش آیا جہاں پر ماربل کان سے سلائیڈنگ ہوئی جس کے نتیجے میں دس گاڑیاں ،ڈرائیو رزاور کنڈیکٹر زسمیت ملبے تلے دب گئیں جن میں پانچ لوڈ رگاڑیاں بھی شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر محمدخالد،اسسٹنٹ کمشنر لطیف الرحمان خان ،پاک آرمی کے میجرعامر لون بھی جائے وقوعہ پہنچ گئے ،اے سی لطیف الرحمن کے مطابق آپریشن پاک آرمی اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے ذریعے کیا جائیگا ۔واقعہ کے بعد ضلع بونیرکی فضاء سوگوار ہوگئی ،اُدھر چارجاں بحق افراد کی نمازجنازہ ادا کردی گئی۔ دریں اثنا وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے آبنوشی ریاض خان نے ناخوشگوار واقعے کی جگہ کا دورہ کیا اورصوبائی حکومت کی طرف سے جاں بحق ہونے والوں کے لئے پانچ پانچ لاکھ اور زخمیوں کیلئے ایک ایک لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا۔