اسلام آباد ،ملتان(این این آئی،سپیشل رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بوکھلاہٹ کا شکار بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے ،دنیا نے دیکھا بھارت پہاڑیوں پر بم برسا کر کچھ درختوں کو نقصان پہنچا کر بھاگ گیا، آج بھی اگر بھارت کوئی دعوی کر رہا ہے تو عالمی میڈیا آئے اور حقیقت دیکھ لے ۔ 92 نیوز کو انٹرویومیں وزیر خارجہ نے کہا ہندوستان کا پروپیگنڈا بے نقاب ہو گیا، ان کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی۔ وزیر خارجہ نے کہا ہم نے ہمیشہ معاملات کو سلجھانے کی کوشش کی، لیکن بھارت کے اقدامات ایسے ہیں کہ وہ خطے کے امن کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے ۔انہوں نے کہا کشمیری بھارت سے بغاوت کر چکے ہیں اور قابض انتظامیہ سے نالاں ہیں لیکن بھارت دنیا کو مقبوضہ کشمیر کے حالات دیکھنے نہیں دے رہا۔ایف اے ٹی ایف کی جانب سے پاکستان کا نام گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے کی پوری کوشش کی لیکن ناکام رہا۔انہوں نے کہا ترکی نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، ہم ان کے شکر گزار ہیں۔علاوہ ازیں این اے 156 ملتان میں مختلف وفود سے بات چیت اور مختلف یونین کونسلوں کے دورہ کے دوران خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا مودی سرکار سے مذاکرات کی امید نہیں، کس قانون کے تحت پاکستان کا پانی روکیں گے ؟انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ خطے میں امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے ،ہم اپنے دفاع کا حق رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا این اے 156 ملتا ن کا واحد حلقہ ہے جس میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی کاموں کی منظوری ہو گئی ہے ، عوام کے دیرینہ مطالبہ کو مد نظر رکھتے ہوئے گلشن مارکیٹ میں60کروڑ روپے کی لاگت سے فلائی اوور تعمیر کیا جائے گا۔