لاہور(حافظ فیض احمد)امیگریشن اینڈ پاسپورٹ گارڈن ٹاؤن لاہور آفس سے بوگس دستاویزات پر درجنوں غیر ملکیوں کے ویزوں میں توسیع کا انکشاف ہونے پر اعلی افسر حرکت میں آگئے ،ڈائریکٹر امیگریشن اینڈ پاسپورٹ زونل پنجاب فیاض حسین کو معطل کئے جانے کے بعد پاسپورٹ آفس کے مزید ملازمین کے خلاف بھی کارروائی کرنے کا فیصلہ اوراس حوالے سے تحقیقات کا دائرہ کا ر بڑھا دیا گیا،ذرائع کے مطابق ایک خفیہ ایجنسی کی رپورٹ پر وزارت داخلہ نے ایکشن لیتے ہوئے انکوائری کرنے کے احکامات جاری کئے اور ڈائریکٹر امیگریشن اینڈ پاسپورٹ پشاور اخلاق احمد قریشی کو انکوائری افسر مقرر کیا گیا جنہوں نے لاہور پاسپورٹ آفس سے غیر ملکیوں کے ویزوں میں توسیع کے حوالے سے بعض ریکارڈ اپنے قبضہ میں لیا تو انکشاف ہوا کہ درجنوں غیر ملکیوں کے ویزوں میں توسیع بوگس دستاویزات پر کی گئی ہیں اور وزارت داخلہ کے جو لیٹرظاہر کئے گئے ہیں ان کا کوئی ریکارڈنہیں ،مبینہ طورپر ملی بھگت سے ویزوں کی میعادمدت بڑھائی گئی جس پر ڈائریکٹر اخلاق احمد قریشی نے اپنی انکوائری رپورٹ ڈی جی امیگریشن پاسپورٹ کو ارسال کردی جس پر اعلیٰ حکام نے ایکشن لیتے ہوئے ڈائریکٹر پاسپورٹ فیاض حسین کو معطل کردیا اور اس معاملے کی تحقیقات کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے متعلقہ شعبہ کے ملازمین کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔