اوکاڑہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنرمریم خاں نے کہا ہے کہ بچوں کو بیماریوں سے بچاتے ہوئے ان کے محفوظ مستقبل کے لئے جدو جہد کرنا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے پاکستان سے پولیو کو ہمیشہ کے لئے ختم کرنے کی جانب ہم جس رفتار سے بڑھ رہے ہیں مستقبل قریب میں اس مرض کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کو آرٹر ہسپتال سٹی میں پولیو مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر مریم خاں نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ضلع اوکاڑہ پولیو فری ہے اور ہمیں اپنی کوششوں کو مربوط انداز میں آگے بڑھانا ہے تاکہ پاکستان کو پولیو فری بنانے کا خواب شرمند ہ ء تعبیر ہو سکے انہوں نے ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف اور فیلڈ عملہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ پوری لگن، محنت و دیانتداری سے سرکاری ذمہ داریاں ادا کریں۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنرمریم خاں نے 5سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسئین اور وٹامن اے کے قطرے پلا کر با قاعدہ پولیو مہم کا افتتاح کیا ۔