لاہور (رانا محمد عظیم )حکومت کو بجٹ سیشن میں ٹف ٹائم دینے اور بجٹ سے زیادہ کورونا کے معاملے پر حکومت کو ذمہ دار قرار دینے کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں نے حکمت عملی بنا لی ہے اور باقاعدہ پلاننگ کی گئی ہے کہ حکومتی وزیر اور رکن اسمبلی کی تقریر پر بھرپور طریقہ سے تنقید اور شور مچایا جائے گا جبکہ اپوزیشن کی طرف سے جو بھی تقریر کرے گا ،تمام اپوزیشن جماعتیں اس کی بات کی تائید کریں گی اور اس کا ساتھ دیں گی۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن اسمبلیوں کے اندر نیا نعرہ ’’کوروناکا ذمہ دار، عمرن خان‘‘ لگانے کا فیصلہ کر چکی ہیں اور اس نعرہ کو کے پی کے ، پنجاب اور قومی اسمبلی میں لگایا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق آ ئندہ 48 گھنٹوں میں متحدہ اپوزیشن کے کئی رہنمائوں کے آ پس میں رابطوں کا سلسلہ بھی شروع ہو جائے گا، رابطوں کے سلسلے کا آ غاز پیپلزپا رٹی کے اہم رہنمائوں کی طرف سے کیا جائے گا جبکہ بلاول بھٹو خو دبھی ن لیگ کی اعلی ٰ قیادت اور مولانا فضل الرحمان اور دیگر رہنمائوں سے رابطے کریں گے ۔ ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شہباز شریف کی گرفتاری کی کوشش کے حوالے سے ن لیگ سے زیادہ پیپلز پارٹی بات کرے گی جبکہ امریکی صحافی سینتھیا ڈی رچی کے حوالے سے پیپلزپا رٹی کی قیادت پر الزامات کا دفاع مسلم لیگ (ن) کرے گی۔