لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے ووسٹر میں موجود کھلاڑیوں کی ٹریننگ اور فٹنس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی محنت کر رہے ہیں اور ان میں توقع سے زیادہ بہتری آ رہی ہے ۔ گزشتہ روز ووسٹر سے بات کرتے ہوئے ہیڈکوچ مصباح الحق نے کہا کہ کھلاڑی لمبے عرصے کے بعد پریکٹس کر ہے ہیں تاہم میدان میں کھلاڑیوں کو کسی طرح کے مسائل کا سامنا نہیں ہے ، سب اچھی شیپ میں ہیں۔ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ خوف تھا کہ عرصہ بعد ٹریننگ کرنے سے کچھ مسائل ہوں گے تاہم یہاں سہولیات بہتر ہیں موسم اچھا ہے لہذا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہوا ۔انہوں نے کہا کہ فٹنس کے لحاظ سے بھی کھلاڑی بہتر ہیں اور نیٹس میں ان کی باؤلنگ اوربیٹنگ میں بھی کھلاڑی ہماری سوچ سے بہت بہتر ہیں۔ تین دن کی بھرپور ٹریننگ کے بعد لگ رہا ہے کہ کھلاڑیوں میں مزید بہتری آئے گی۔