سرینگر (این این آئی،کے پی آئی ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشتگردی جاری ہے ،کشمیریوں نے بھارتی نام نہاد یوم جمہوریہ 26جنوری کو مکمل ہڑتال،دنیا بھر میں مظاہروں کا اعلان کردیا۔ بھارتی نام نہاد یوم جمہوریہ کشمیریوں کے لئے مزید مشکلات کا باعث بن گیا ہے ،بھارتی فورسز کی اضافی نفری تعینات ، جگہ جگہ ناکے اور تلاشیاں جاری ہیں ، 4جی انٹرنیٹ سروس پر پابندی میں 6فروری تک توسیع کردی گئی ہے جس کی وجہ سے طلبائ، صحافی، صنعتکار، ڈاکٹرز شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ سرینگر میں قائم دارلعلوم سید حفصہ اسلامیہ میں آتشزدگی سے عمارت خاکستر ہوگئی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سرینگر سمیت وادی کے دیگر قصبوں میں بھارتی فورسز نے جگہ جگہ ناکے لگائے ہیں جہاں گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کو روک کر مسافروں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے ۔