اسلام آباد (ذیشان جاوید ) بھارت کی ایک بار پھر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش ناکام ہو گئی، افغانستان کی صورتحال کو جواز بنا کر پاکستان کی کردارکشی کیلئے جعلی خبروں کا سہارا لے لیا، جی فائیو انٹرنیٹ آبزرویٹری نے بھانڈا پھوڑ دیا۔جعلی خبروں پر نظر رکھنے والے ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر پر پاکستان کی کردار کشی میں بھارت اور افغانستان ملوث نکلے ، جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹس سے پاکستان اور پاک فوج کیخلاف جعلی خبریں پھیلائی گئیں جنہیں بعد ازاں بھارت اور افغانستان کے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹس کی مدد سے پھیلانے کی کوشش کی گئی،رپورٹ کے مطابق جس ہیش ٹیک کے ذریعے پاکستان پرپابندیوں کا مطالبہ کیا گیا اس کے 65 فیصد ٹویٹس بوٹ مشینوں سے کیے گئے ۔روزنامہ 92 نیوز کے پاس موجود دستاویزات کے مطابق جولائی میں دستیاب اعداد و شمار اور تحقیقی عمل سے یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کیخلاف گمراہ کُن معلومات اور عالمی سطح پر پروپیگنڈا کیلئے سوشل میڈیا پر خاص قسم کے اکائونٹس اور متعدد سیاسی اور علاقائی سلامتی کے واقعات پر ہیش ٹیگز کا استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ ان اکاؤنٹس کے حوالے سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ یہ تمام اکاؤنٹس حال ہی میں بنائے گئے ہیں۔ پاکستان کی افغان پالیسی اور امن و استحکام کی کوششوں کو الزام تراشی کر کے غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے ۔پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا کیساتھ ساتھ امریکی پالیسیوں کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے تاکہ پاکستان اور امریکہ کے مابین تعلقات میں بگاڑ پیدا کیا جا سکے اور پاکستان میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کیا جا سکے ۔ سوشل میڈیا پر ایک ہیش ٹیگ SANCTION PAKISTAN کے حوالے سے یہ بات بھی تحقیق میں سامنے آئی کہ پراپیگنڈا کرنے کے جو حربے پہلے بھارت بلوچ اور پشتونوں کے نام پر استعمال کرتا تھا وہی اب افغانستان کے نیٹ ورکس اپنا رہے ہیں۔ شرپسند عناصر کو پاکستان کیخلاف کر کے اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ اس سے قبل یورپی یونین کے تحقیقاتی ادارے ڈس انفولیب نے گمراہ کن خبریں پھیلانے والے بھارتی نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا تھا۔