اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نیشنل سیکورٹی ڈویژن ڈاکٹر معید یوسف نے وزارت خارجہ میں ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں علاقائی صورتحال خصوصاً بھارت کی جانب سے حالیہ دنوں میں سامنے آنے والی جارحیت و دیگر اہم امور پر پر تبادلہ ء خیال کیا گیا ۔وزیر خارجہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ بھارت اپنے جارحانہ عزائم کے باعث پورے خطے کے امن و استحکام کو داؤ پر لگا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و امان کی صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے ، عالمی برادری کو بھارت سرکار کی بڑھتی ہوئی انتہا پسندی کا فوری نوٹس لینا چاہیے ۔ ملاقات کے دوران کورونا وائرس کی وجہ سے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے حوالہ سے کئے جانے والے اقدامات اور اس حوالہ سے پیشرفت پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔