اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی،این این آئی) پاکستان نے بھارتی فورسز کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ عوام پر جاری ظلم و ستم کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ سو پور میں ایک 3 سالہ بچے کی دل دہلا دینے والی تصویر ہمیشہ ان کے لوگوں ذہنوں کیلئے تکلیف دہ رہے گی جو انسانیت، انسانی حقوق اور بنیادی آزادی پر یقین رکھتے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت جعلی خبروں اور پروپیگنڈا مشینری کو تیز کر کے حقیقت کو جھٹلا نہیں سکتا۔پاکستان کے ساتھ کشمیری عوام نے بھی بوگس ڈومیسائل سرٹیفکیٹس کو مسترد کیا ہے ۔پاکستان نے عالمی برادری کو بھارتی خفیہ ادارے ’را‘ کی پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کے شواہد فراہم کیے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی سفیر زلمے خلیل زاد سے ملاقات کی اور پاکستان کی جانب سے پرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کیلئے کام جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ زلمے خلیل زاد کے ساتھ وزیرخارجہ نے کراچی سٹاک ایکسچینج حملے میں بھارتی ہاتھ ملوث ہونے اور ریاستی دہشت گردی کا معاملہ بھی اٹھایا۔