نئی دہلی ،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،سپیشل رپورٹر) بھارت میں مسافر طیارہ تباہ ہونے سے پائلٹ سمیت19افراد ہلاک اور 140زخمی ہوگئے ۔ائیر انڈیا بوئنگ737کی پرواز کورونا کے باعث دبئی میں پھنسے باشندوں کو واپس لارہی تھی، کیرالہ میں دوران لینڈنگ حادثہ رن وے سے پھسل گیا،10شیر خواربھی سوار تھے ،مسافر طبی امدا دکیلئے منتقل کر دیئے گئے وزارت سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد طیار ے میں آگ نہیں لگی، شارجہ اور دبئی میں مسافروں سے متعلق معلومات کے لیے مراکز قائم کردیئے گئے ہیں۔نیٹ نیوز کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی پرواز گزشتہ شام دبئی سے کیرالہ کے کالی کٹ کے کوئیکوڈ ہوائی اڈے پہنچی تھی اور ایئر انڈیا کے ترجمان کے مطابق خراب موسم میں اترتے ہوئے طیارہ رن وے سے پھسل کر نیچے جا گرا،بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی نے سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل کے حوالے سے خبر دی ہے کہ طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے پر رک نہیں سکا اور کھائی میں گر کر دو ٹکڑے ہو گیا۔ان کا یھی کہنا تھا کہ جس وقت طیارہ ہوائی اڈے پر اترا تو حدِ نگاہ دو ہزار میٹر تھی۔ خیال رہے کہ کوئیکوڈ کے ہوائی اڈے کا رن وے ایک پہاڑی پر واقع ہے ،طیارے میں 191افراد سوار تھے ، حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے ۔اسلام آباد سے سپیشل رپورٹر کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پیغام میں کیرالہ طیارہ حادثے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ اور اپوزیشن رہنما راہول گاندھی نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔