اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل، سینئر نائب صدر رافعت فریداور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے کہا کہ پاکستان کی نیشنل سیکورٹی کونسل نے مقبوضہ کشمیر کیخلاف انڈیا کے حالیہ اقدامات کے نتیجے میں ہندوستان کیخلاف سفارتی تعلقات کو کم کرنے اور تجارت کو ملتوی کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے تاجر برادری اس کی بھرپور حمایت کرتی ہے کیونکہ انڈیا مقبوضہ کشمیر کی خود مختار حیثیت ختم کر کے وہاں جو ظلم و بربریت کر رہا ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس موجودہ صورتحال میں حکومتی فیصلوں کی حمایت کرتا ہے اور ان مشکلات حالات میں پاک فوج کیساتھ ہے ۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری حکومت کے فیصلے کے مطابق 14اگست کو کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کرنے اور 15اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کی سرگرمیوں میں بھی بھرپور طریقے سے شرکت کرے گی تا کہ دنیا کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ تاجر برادری سمیت پوری پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی جدوجہد آزادی کی بھرپور حمایت کرتی ہے ۔