نئی دہلی( ویب ڈیسک) بھارتی ریاست کرناٹکا میں ٹریفک کے مسائل اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے نمٹنے کے لیے ہو بہو ٹریفک پولیس اہلکار کی طرح پُتلے تعینات کر دیئے گئے ہیں جنہیں ان کی ہی طرح یونیفارم پہنا کر شہر کی اہم شاہراہوں پر کھڑا کیا گیا ہے ۔ ان پُتلوں کو دیکھنے سے شہریوں کو ایسا لگ رہا ہے کہ اصلی میں ٹریفک پولیس اہلکار کھڑے ہوئے ہیں۔کارناٹکا کے جوائنٹ کمشنر آف ٹریفک پولیس ڈاکٹر بی آر رویکانتھ گوڈا کا کہنا ہے کہ ان پُتلوں کو تعینات کرنے کے بعد بے حد مثبت ردِ عمل سامنے آیا ہے ، ایسے شہری جو عادتاً ٹریفک کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں، وہ اشارے پر رک جاتے ہیں ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہم اب جلد ان پُتلوں کے پاس سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کریں گے تاکہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی کی جا سکے ۔ ٹریفک پولیس کمشنر نے مزید بتایا کہ جب کوئی ڈرائیور اس پُتلے کو دور سے دیکھتا ہے تو اسے لگتا ہے کہ یہ اصل پولیس اہلکار ہیں اور وہ رُک جاتا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان پُتلوں کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل میں واقعی کمی دیکھنے میں آئی ہے ۔