ملتان (خبرنگار،92 نیوز رپورٹ) حکومت نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود کو نیا سیکرٹری خارجہ تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں سہیل محمود کو سیکرٹری خارجہ لگانے کا اعلان کیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ سہیل محمود منجھے ہوئے سفارتکار اور مختلف ممالک میں فرائض انجام دے چکے ہیں، وزیر اعظم کی مشاورت سے ان کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا وہ بہت فہم و خراست رکھنے والی خاتون ہیں، میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے ۔ پورا دفتر خارجہ ان کی ریٹائرمنٹ پر خراج تحسین پیش کررہا ہے ۔تہمینہ جنجوعہ 16اپریل کو اپنی مدت ملازمت پوری کررہی ہیں جس کے بعد سہیل محمود سیکرٹری خارجہ کا عہدہ سنبھالیں گے ۔ وزیر اعظم نے سہیل محمود کے تقرر کی منظوری دیدی ہے ۔ پلوامہ ایشو پر سہیل محمود نے عمدہ سفارتکاری کا کردار ادا کیا ،امید ہے خارجہ امور پر بھی ہماری توقعات پر پورا اتریں گے ۔